لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھتہ خوری اور راہزنی سمیت درجنوں سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری کروشیا سے گرفتار کر لیا۔ حکومت پنجاب نے اشتہاری افتخار احمد کے سر کی قیمت ( ہیڈ منی) 5 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سپیشل آپریشنز سیل کے انسپکٹر خالد وریاہ کی قیادت میں ٹیم اشتہاری کو لے کر کروشیا سے پاکستان روانہ ہو گئی،آج صبح بجے ائرپورٹ پہنچے گی۔ رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاریوں کی تعداد 8 ہوگئی اشتہاری افتخار احمد عرصہ 17 سال سے سیالکوٹ پولیس کو بھتہ خوری اور راہزنی سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے اشتہاری افتخار احمد کا ریڈ نوٹس جاری کروایا۔کروشیا پولیس حکام نے ملزم کو پنجاب پولیس ٹیم کے حوالے کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریکارڈ یافتہ بھتہ خور، خطرناک مجرم کی گرفتاری پر آر پی او، سی پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او سیالکوٹ کو شاباش دی ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے۔ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کی مدد سے بیرون ممالک مفرور دیگر اشتہاری مجرمان کی گرفتاری بھی یقینی بنائیں۔