لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دورہ لندن کے دوران پنجاب حکومت کے سرکاری گلف اسٹریم طیارے کے استعمال کے اخراجات کی رقم سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کرا دی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کی جانب سے سرکاری طیارے کے استعمال کے عوض پنجاب حکومت کو 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے ادا کیے گئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں وزیراعلیٰ کے دورہ لندن کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس پر پنجاب حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ طیارے کے اخراجات مریم نواز خود برداشت کریں گی۔رپورٹس کے مطابق ادائیگی کی رقم 27,194,004 روپے ہے، جو پنجاب حکومت کے سرکاری خزانے میں جمع کرائی گئی۔ اس ادائیگی کی تفصیلات کے حوالے سے نیشنل بینک کی ویلنشیا لاہور برانچ کی کیش/ٹرانسفر پے اِن سلپ بھی سامنے آئی ہے۔دستاویز کے مطابق رقم بینک آف پنجاب (BOP) کے ذریعے منتقل کی گئی، جبکہ پے اِن سلپ پر اکاؤنٹ ٹائٹل ZGBMRA درج ہے۔ سلپ پر جمع کرائی گئی رقم 27,194,004 روپے درج ہے۔پے اِن سلپ پر نیشنل بینک ویلنشیا برانچ کی مہر بھی موجود ہے اور اس پر 17 ستمبر 2026 کی تاریخ درج ہے۔ دستاویز میں رقم جمع کرانے والے کے دستخط اور رابطہ نمبر کے علاوہ بینک آف پنجاب کے چیک/انسٹرومنٹ نمبر کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔
اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سرکاری طیارے کے استعمال کے لیے ابتدائی طور پر جاری کیے گئے بل کی رقم 2 کروڑ 93 لاکھ 65 ہزار 976 روپے تھی، جس میں بعد ازاں دو مرتبہ ترمیم کی گئی۔ دوسری ترمیم کے بعد رقم 2 کروڑ 80 لاکھ 37 ہزار 844 روپے جبکہ حتمی بل میں رقم کم کرکے 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کردی گئی تھی۔پنجاب حکومت کی جانب سے پہلے ہی مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لندن سفر کے لیے سرکاری طیارے سے متعلق تمام اخراجات ذاتی طور پر ادا کرنے ہیں۔ اب سامنے آنے والی ادائیگی کی دستاویز کے مطابق 27,194,004 روپے سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔