جو کہتے تھے عوام کو شعور دیا، انہوں نے عوام کی زندگیاں تباہ کردیں،پی ٹی آئی نے خود اپنی حکومت ختم کی، پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی حکومت کو کھا گیا
لیپ ٹاپ اورسکالرشپ سکیم پر سفارش چاہے گھر سے بھی آئے میں نہیں مانتی‘بچوں کو اے آئی ٹول کے ساتھ اختیار اورطاقت دے رہے ہیں
کبھی دیکھا ہے ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہو،پنجاب میں 3000 الیکٹرک بسیں چلیں گی: ساہیوال میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے آج پنجاب اے آئی دور میں داخل ہو رہا ہے تو خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے۔ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا جو کہتے تھے کہ عوام کو شعور دیا، انہوں نے عوام کی زندگیاں تباہ کردیں، پی ٹی آئی کی حکومت کسی نے ختم نہیں کی، انہوں نے خود اپنی حکومت ختم کی۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی ہی حکومت کے ختم ہونے پر ختم ہوا، کبھی دیکھا ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہوجائے! پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی ہی حکومت کو کھا گیا، اب خیبرپختونخوا والوں کو پتا چلے گا کہ ترقی کسے کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا خدمت کا جذبہ میں گھر سے لے کر نکلی ہوں، نواز شریف نے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا ہے، کراچی سے کل کچھ افسران آئے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام محکموں میں عوام پر توجہ نظر آئی، جو دوسرے صوبوں سے آتا ہے وہ پنجاب کی تعریف کرتا ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا پنجاب میں 3000 الیکٹرک بسیں چلیں گی، الیکٹرک بسوں کا کرایہ آج بھی بیس روپے ہے، پنجاب کی تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں چلیں گی، پنجاب میں شاید ہی کوئی منصوبہ ہو جس میں نوجوانوں کو شامل نہ کیا ہو، آپ کو جو اسکوٹیز مل رہی ہیں ان کی قسط 3000 روپے رکھی ہے تاکہ کسی پر بوجھ نہ ہو۔ لیپ ٹاپ اورہونہار سکالر شپ بچوں کا حق ہے، شکریہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔پنجاب میں میرٹ اورقابلیت پر لیپ ٹاپ اورسکالر شپ مل رہے ہیں،کسی کو سفارش پر نہیں ملا۔بچوں کو لیپ ٹاپ اورسکالر شپ ملنے پر ان کے اساتذہ اوروالدین سے زیادہ خوش ہوں۔لیپ ٹاپ اورسکالرشپ سکیم پر کسی وزیر،سیاستدان،افسر حتی کہ کسی کی سفارش بھی نہیں چلتی۔ 100فیصد میرٹ یقینی بنانے پر آج عوام کی عدالت میں سروخرو ہوں۔پنجاب کا ہر بچہ مجھے اپنے بیٹے،بیٹیوں کی طرح عزیز ہے۔اپنے بچوں کے چہروں کی چمک دیکھ کر یقین ہے کہ پاکستان کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔