خاتون سمیت 5افراد کی لاشیں برآمد

 ڈیفنس سی سے نامعلوم خاتون ،داتا دربار گیٹ نمبر 5 سے 35سالہ شہری ، فردوس مارکیٹ سے شعیب کی لاش ملی 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے مختلف علاقوں سے خاتون سمیت پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ایدھی ترجمان کے مطابق ڈیفنس سی میں برکی عبداللہ پل کے قریب سے 35 سالہ نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ داتا دربار گیٹ نمبر 5 کے قریب حاضری کے لیے آنے والا 35 سالہ نامعلوم شخص حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ گلبرگ کے علاقے فردوس مارکیٹ سے 27 سالہ شعیب ولد جعفر کی لاش برآمد ہوئی، جس کی ابتدائی وجہ موت بھی حرکتِ قلب بند ہونا بتائی گئی ہے۔ شیراکوٹ کی بکر منڈی سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی جو بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا تھا ادھر اچھرہ میں بے ہوشی کی حالت میں ملنے والا 45 سالہ نامعلوم شخص دورانِ علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس اور متعلقہ تحقیقاتی اداروں نے مختلف واقعات کے شواہد اکٹھے کرکے کارروائی شروع کر دی، جبکہ ایدھی رضاکاروں نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر دیں۔