عدینہ سہیل
آزادی اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہے، جس کا حق ادا کرنا اولین فرض ہے۔
آزادی صرف ایک لفظ نہیں بلکہ یہ ایک احساس، ایک جدوجہد، اور ایک خواب ہے۔ اس کا بنیادی مفہوم انسانی شخصیت کی خود مختاری ہے۔ اس سے مراد ہے دخل اندازی سے پاک زندگی، جہاں کسی فرد یا قوم کو کسی بیرونی دباؤ، جبر یا غلامی سے آزاد رہ کر اپنی مرضی، عقائد، خیالات اور زندگی کے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہو۔ ہر قوم کو اپنی زبان، لباس، تہذیب اور رسم و رواج کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہونا چاہیے- آزادی دراصل اْس فطری حق کا نام ہے جو انسان کو اس کی پیدائش کے ساتھ ہی حاصل ہوتا ہے۔ جب ایک انسان آزاد ہوتا ہے تو اْسے سوچنے، سمجھنے، بولنے، فیصلے کرنے اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ غلامی یا جبر کی فضا میں انسان کا ذہن مفلوج ہو جاتا ہے، اس کی تخلیقی صلاحیتیں دب جاتی ہیں، اور وہ اپنی شخصیت کو مکمل طور پر پروان نہیں چڑھا پاتا۔آزادی کا مفہوم صرف بیرونی غلامی سے نجات تک محدود نہیں، بلکہ یہ ذہنی، فکری، اخلاقی اور روحانی آزادی کو بھی شامل کرتا ہے۔ ایک انسان اگر جسمانی طور پر آزاد ہو مگر اس کی سوچ غلام ہو، تو وہ حقیقت میں آزاد نہیں۔ اسی طرح ایک ایسا معاشرہ جہاں افراد اپنی رائے، مذہب، زبان، ثقافت اور اقدار کے مطابق زندگی نہ گزار سکیں، وہاں بھی آزادی صرف ایک دعویٰ بن کر رہ جاتی ہے۔
ثقافتی آزادی ایک قوم کی شناخت کو زندہ رکھتی ہے۔ اگر کوئی قوم اپنی زبان، لباس یا تہذیب سے شرمندہ ہے، تو وہ دراصل غلامی کے آثار سے باہر نہیں نکلی۔ ہر قوم کو اپنی ثقافت پر فخر ہونا چاہیے کیونکہ یہی اس کی پہچان ہے۔
اسلام میں بھی آزادی کی اہمیت نہایت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ میں غلامی کی مذمت کی گئی ہے، اور انسان کو عزت و احترام سے جینے کا حق دیا گیا ہے۔قرآن پاک میں ہے‘
ترجمہ: "اور بے شک ہم نے بنی آدم کو عزت دی۔"
اسلام انسان کو روحانی، اخلاقی اور فکری طور پر آزاد دیکھنا چاہتا ہے تاکہ وہ اللہ کی بندگی دل سے کرے، نہ کہ کسی جبر یا زبردستی سے۔ اسی لیے پیغمبرِ اسلام نے غلاموں کو آزاد کرانے کی بھرپور تلقین فرمائی۔ غلامی طوق ہے، جبکہ آزادی خدا کی رحمت کا ہار ہے۔
آزادی بلبل میں شاہین کی ادائیں پیدا کرتی ہے۔
پاکستان کا قیام بھی اسی بنیاد پر عمل میں آیا کہ مسلمان اپنی دینی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔
مذہبی آزادی وہ حق ہے جو ہر فرد کو حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنے عقائد کے مطابق عبادت کرے، اپنی عبادات کے طریقوں پر عمل کرے، اور اپنے دین کی تبلیغ کرے بشرط یہ کہ وہ دوسروں کی آزادی میں مداخلت نہ کرے۔
آزادی محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے۔
ایک آزاد فرد ہی ایک آزاد معاشرہ بناتا ہے، اور ایک آزاد معاشرہ ہی ایک خودمختار، باعزت اور ترقی یافتہ قوم کی بنیاد رکھتا ہے۔
اسی لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اس نعمت کی قدر کریں۔ اسے صرف منانے تک محدود نہ رکھیں بلکہ ہر لمحہ اپنی آزادی کا شکر اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ مظاہرہ کریں۔