ایران کا پاکستان کی سرحد تک گیس پائپ لائن لانے کا بیان غلط، وزیر تجارت کا ردعمل

ایران کا پاکستان کی سرحد تک گیس پائپ لائن لانے کا بیان غلط، وزیر تجارت کا ردعمل

اسلام آباد:وزیر تجارت جام کمال خان نے قومی اسمبلی میں اپنے بیان میں کہا کہ ایران کا یہ بیان کہ پاکستان کی سرحد تک گیس پائپ لائن پہنچا دی گئی ہے، درست نہیں ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ایران نے پاکستان کی سرحد تک نہیں بلکہ اپنے مخصوص علاقے تک پائپ لائن بچھائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر عالمی پابندیاں ہیں اور ان پابندیوں کی وجہ سے پاکستان کو اپنے تجارتی تعلقات میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔وزیر اقتصادی امور، احد خان چیمہ نے کہا کہ امریکی امداد کی معطلی کے اثرات پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی پر مرتب ہوں گے اور اہم شعبوں میں خلل آ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کے لیے اپنی غیر ملکی امداد کی پالیسی کا دوبارہ جائزہ لے رہا ہے اور اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔وزیر تجارت جام کمال خان نے بھارت سے 50 ہزار ٹن چینی کی درآمد کا بھی انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ 2024 سے جنوری 2025 تک پاکستان نے 3,140 میٹرک ٹن چینی درآمد کی، جس پر 3 ملین ڈالرز سے زائد خرچ ہوئے۔ یہ چینی مختلف ممالک سے درآمد کی گئی، جن میں بھارت سے بھی 50 ہزار ٹن چینی شامل ہے۔

انہوں نے گزشتہ پانچ سال کے تجارتی خسارے کی تفصیلات بھی پیش کیں، جن کے مطابق اس عرصے میں 154 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا۔ وزیر خزانہ نے پانچ سال کے غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات بھی پیش کیں، جس میں بتایا گیا کہ جون 2023 تک پاکستان کا غیر ملکی قرضہ 126,141 ملین ڈالرز تک پہنچ چکا تھا۔قومی اسمبلی نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے لئے ایوان استعمال کرنے کی اجازت دے دی، اور وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس تحریک کو پیش کیا۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملک میں بے روزگاری کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں اور کہا کہ 2021 میں بے روزگار افراد کی تعداد 45 لاکھ دس ہزار تھی۔