صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ سات پشتوں سے کاشتکار ہیں اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے۔
وہاڑی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کی پانی بند کرنے کی دھمکی کو محض ایک "ٹریلر" قرار دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری ہی ملک کی ترقی کی کنجی ہے اور ہمیں پانی کا مؤثر استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے میں سندھ سب سے آگے تھا اور کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے معاملے پر ایک وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم کیا کر سکتے ہیں؟ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ایک انچ پر بھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے اقدامات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مستقبل کے خطرات کو بھانپتے ہوئے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے چار سالہ دور میں ملک کے جمود کا بھی ذکر کیا۔صدرِ مملکت نے کہا کہ حکمرانی کے لیے لچک اور سیاسی بلوغت ضروری ہے، سیاسی تعاون انتہاپسندانہ رجحانات کو روکنے میں مددگار ہوتا ہے، اور مستقبل میں مسلم لیگ ن کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل غیرت سے کاٹی جاتی ہے۔