آئی ٹی کے مختلف شعبوں میں بڑے منصوبوں کا اعلان

 28 ، 29اپریل کو ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری کی سمٹ،14اگست کو اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کا افتتاح ہوگا،وفاقی وزیرشزہ فاطمہ

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )حکومت نے آئی ٹی کے مختلف شعبوں میں بڑے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی آج ہمارے ہرشعبے کا حصہ ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ نے کہا کہ زراعت، صحت، تعلیم، کامرس ، پیداوار میں ٹیکنالوجی نمایاں تبدیلیاں برپا کر رہی ہے،روز مرہ کی بات چیت اب ٹیکنالوجی پر منتقل ہوگئی ہے،سکیورٹی، معاشی منظر نامہ سب کچھ تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں،ڈیجیٹل دنیا سے نکل ہم کرمصنوعی ذہانت کی دنیا میں داخل ہورہے۔ آج کی دنیا مصنوعی ذہانت، کوانٹم کمیپوٹنگ میں آگے سے آگے نکل رہی ہے اور اگر دنیا کے ساتھ ہم آہنگ نہ ہوئے تو ہم تنہا رہ جائیں گے۔ شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹنگ پر ہم جو ایک ڈالر خرچ کرتے ہیں، وہ 49ڈالر کما کر دیتا ہے،ہم ایکسپورٹ پاکستان سیلز بزنس میں ہیں اور ہمارا ہدف 25ارب ڈالر کمانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 28اور 29اپریل کو ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری کی سمٹ کا انعقاد کررہے ہیں، جس کے لیے سعودی عرب کا تعاون حاصل ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے لیے ایک سپر ایپ بنا رہے ہیں۔ سمارٹ اسلام آباد کا پائلٹ پراجیکٹ بھی لارہے ہیں،اسلام آباد میں بزنس سہولت مرکز بنا رہے ہیں اور ہر دفتر ایک ہی چھت کے نیچے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صنعت کو معاونت فراہم کرنے کے لیے 250 روزگار مراکز بنا رہے ہیں۔ خالی عمارتوں میں آئی ٹی پارک بنا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں 14اگست کو آئی ٹی پارک کا افتتاح ہوگا اور پھر کراچی آئی ٹی پارک کا افتتاح ہوگا ۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ تخلیقی صلاحیت کے نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ کر حکومت اپنی بہترین سرمایہ کاری کررہی ہے۔