نیلم جہلم حملہ: بھارت کیخلاف عالمی عدالت سے رجوع کیا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی

نیلم جہلم حملہ: بھارت کیخلاف عالمی عدالت سے رجوع کیا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد: نیلم جہلم پراجیکٹ پر حملے کے معاملے پر بھارت کے خلاف عالمی عدالت جانے کا مطالبہ

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر مبینہ بھارتی حملے کے معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانا چاہیے۔اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے سوال اٹھایا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کئی ماہ سے بند کیوں ہے؟ جس پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل معین وٹو نے بتایا کہ منصوبے کی دو سرنگیں 2024 میں منہدم ہوگئی تھیں۔ وزیر اعظم نے منصوبے کا دورہ کیا، جس کے بعد اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور منصوبے پر بحالی کا کام جاری ہے، توقع ہے کہ یہ دو سال میں دوبارہ فعال ہو جائے گا۔ملک عامر ڈوگر نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت نے اس منصوبے پر حملہ کیا؟ اگر ایسا ہے تو کیا حکومت عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے گی؟ جس پر اسپیکر نے رائے دی کہ "ہمیں اس معاملے کو انٹرنیشنل کورٹ میں لے جانا چاہیے۔"

وفاقی وزیر معین وٹو نے جواب میں کہا کہ اس حوالے سے حکومت نے متعلقہ فورمز سے رجوع کیا ہے اور بھارت سے باقاعدہ جواب طلب کیا گیا ہے، اسے پاکستان کے موقف کو تسلیم کرنا پڑے گا۔اجلاس کے دوران دیگر اہم امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مختار احمد نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض دواؤں کی قلت کی شکایات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔پارلیمانی سیکریٹری نیلسم عظیم نے ایوان کو بتایا کہ 2023 میں زچگی کے دوران 11 ہزار خواتین جاں بحق ہوئیں، جبکہ روزانہ 27 خواتین اور 675 بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، جو ایک انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔