چھت گرنے سے 3افراد زخمی

لاہور ( کرائم رپورٹر ) اندرون موری گیٹ کے علاقے میں وکٹوریہ سکول کے قریب ایک کمرے کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ایمرجنسی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکال لیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد میں سے دو کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ ایک زخمی کو مزید علاج کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر امدادی کارروائیاں مکمل کر کے علاقے کا جائزہ لیا۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ پرانی اور خستہ حال عمارت بتائی جا رہی ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔