وزیراعلیٰ پنجاب نے افسران کی بیرون ملک رخصت کی منظوری کا اختیار اپنے پاس رکھ لیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے افسران کی بیرون ملک رخصت کی منظوری کا اختیار اپنے پاس رکھ لیا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے افسران کی بیرون ملک چھٹیوں کی منظوری کا اختیار خود سنبھال لیا، محکمہ صحت سمیت تمام اداروں کو نئی پالیسی سے آگاہ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کسی بھی سرکاری ملازم، بشمول ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور دیگر عملے کی ایکس پاکستان (بیرون ملک) رخصت کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب خود کریں گی۔ اس سے پہلے یہ اختیار محکموں کے انتظامی سیکریٹریز کے پاس تھا، جو اب واپس لے لیا گیا ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل یونیورسٹیز، کالجز اور ہسپتالوں کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک چھٹی کی درخواست کم از کم ایک ماہ پہلے وزیراعلیٰ آفس کو بھجوائی جائے تاکہ بر وقت منظوری حاصل کی جا سکے۔ذرائع کے مطابق، اس اقدام کا مقصد چھٹیوں کی شفاف منظوری، غیر ضروری بیرون ملک دوروں کی روک تھام اور افسران کی حاضری کو یقینی بنانا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز انتظامی امور میں سختی اور گڈ گورننس کو فروغ دینے کے لیے براہِ راست نگرانی کا فیصلہ کر چکی ہیں، اور اس نئے حکم کا اطلاق فوری طور پر ہو چکا ہے۔