رواں ماہ صوبہ بھر میں 11ہزار 752 ای چالان

گاڑیوں سے باہر نکلے سریے موٹر سائیکل سواروں کیلئے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں
 لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے بسوں، ٹرکوں، ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں میں خطرناک اوورلوڈنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ رواں ماہ صوبہ بھر میں گنجائش سے زائد مسافر بٹھانے اور گاڑیوں کی مقررہ حدود سے باہر سامان لادنے پر مجموعی طور پر 11 ہزار 752 ای چالان جاری کیے گئے۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ورچوئل ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے گنجائش سے زائد مسافر بٹھانے کی 6 ہزار 204 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ گاڑیوں کی مقررہ حدود سے باہر سامان لادنے کے 5 ہزار 548 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ترجمان کے مطابق خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے بعد متعلقہ فیلڈ فورس کو فوری اطلاع دی جاتی ہے تاکہ موقع پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ٹرکوں، ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں پر غیر محفوظ انداز میں سامان کی ترسیل کی خصوصی نگرانی بھی جاری ہے۔ترجمان نے خبردار کیا کہ گاڑیوں سے باہر نکلے سریے، لوہے کے راڈز اور دیگر سامان سڑک پر سفر کرنے والے شہریوں، خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خطرناک اوورلوڈنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔