اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون کی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث جانی و مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور متعلقہ حادثات کے نتیجے میں مزید 6 افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد 26 جون سے 14 جولائی تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 111 تک جا پہنچی ہے۔رپورٹ کے مطابق، حالیہ 24 گھنٹوں میں ایک شخص زخمی ہوا، جب کہ 26 جون سے اب تک زخمیوں کی مجموعی تعداد 212 ہو چکی ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم متاثرہ گھروں کی تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آئیں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون کی بارشوں کا موجودہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے، جبکہ گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ بھی ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے سبب مزید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور عوام کو محتاط رویہ اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔