ورلڈکپ ٹی20 پاکستانی گروپ میں نیا ’’رولا‘‘ پڑ گیا

لاہور(نیٹ نیوز) ٹی-20 ورلڈ کپ میں امریکہ، بھارت اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ امریکہ 7 فروری کو ممبئی میں میزبان بھارت کے خلاف اپنے مہم کا آغاز کرنا ہے، لیکن اس سے قبل امریکی ٹیم کیلئے ویزا سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے ٹورنامنٹ کو تنازعات میں لا کھڑا کیا ہے۔ جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور انڈین کرکٹ بورڈکے درمیان میچ منتقل کرنیکے معاملے پر ابھی تعطل جاری ہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے ٹی-20 ورلڈ کپ کا آغاز ہونا ہے، لیکن تنازعات ابھی سے شروع ہو گئے ہیں۔ بنگلہ دیش سے متعلق معاملہ ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ اب امریکی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ’ ویزا تنازعہ‘ سامنے آ گیا ہے۔ پاکستان میں پیدا ہونیوالے تین مزید کھلاڑیوں کے ورک ویزا میں تاخیر ہو رہی ہے۔ یہ واقعہ فاسٹ بالر علی خان کو کولمبو میں واقع بھارتی ہائی کمیشن میں طے شدہ ملاقاتوں کے بعد اسی طرح کی مشکل کا سامنا کرنے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔