ویب ڈیسک: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
تھانہ صادق آباد کے گھیراؤ جلاؤ کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، جو 26 نومبر 2023 کے پرتشدد مظاہروں سے متعلق ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خانم کی جانب سے جمع کرائی گئی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔ذرائع کے مطابق، مقدمے میں علیمہ خان سمیت متعدد دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی آج مکمل نہیں ہو سکی۔ عدالت نے کارروائی ملتوی کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک موخر کر دی ہے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت میں دلائل پیش کیے، جبکہ علیمہ خان کی جانب سے وکیل محمد فیصل ملک اور حسنین سنبل عدالت میں موجود تھے۔خیال رہے کہ تھانہ صادق آباد میں درج یہ مقدمہ 26 نومبر کے ان مظاہروں سے متعلق ہے جن میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، پولیس سے جھڑپوں اور اشتعال انگیزی کے الزامات شامل ہیں۔ عدالت کی جانب سے علیمہ خان کو اگلی سماعت پر لازمی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔