گورننگ باڈی کی پھاٹا کے مشترکہ منصوبوں سے متعلق قوانین کی منظوری
لاہور (خصوصی پورٹ)وزیر ہا ئوسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب ہا ئوسنگ اینڈ ٹا ئون پلاننگ ایجنسی، پھاٹا کی گورننگ باڈی کا 106 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں 27 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ گزشتہ دو اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ ہا ئوسنگ پروگرامز ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ اور ’’اپنی زمین اپنا گھر‘‘ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بلاسود قرضوں پر مبنی ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور مئی میں ہونے والے ورلڈ اربن فورم میں اسے کامیاب ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کو رواں ماہ کے آخر میں آذربائیجان کے شہر باکو میں افورڈایبل ہا ئوسنگ سے متعلق ہونے والی عالمی کانفرنس کے متوقع نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔ گورننگ باڈی نے پھاٹا کے مشترکہ منصوبوں سے متعلق قوانین کی منظوری دی جبکہ خانیوال، بورے والا، گوجر خان، لیہ، وہاڑی، فاروق آباد اور یزمان کی بحالی سکیموں کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری افورڈایبل ہا ئوسنگ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی جس پر وزیر ہا ئوسنگ بلال یاسین نے عملدر آمد مزید تیز کرنے اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔