کرک میں چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو بیوی اوردوکم سن بیٹیوں سمیت فائرنگ کرکے قتل کردیا
نوشہرہ میں ناراض بیوی کو ساس ،سسر اوربہنوئی سمیت موت کے گھاٹ اتاردیا گیا،مقدمات درج
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں خاندانی تنازعات پر فائرنگ کے واقعات میں 2 خاندانوں کے خواتین و بچوں سمیت 6 افراد قتل ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے سورڈاگ میں گھریلو تنازع پر چھوٹے بھائی نے اپنے بڑے بھائی کو بیوی اور دو کم سن بیٹیوں سمیت قتل کر دیا۔ئرنگ سے ایک بچہ شدید زخمی بھی ہوا ۔جسے ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ۔مرنے والوں میں نبیراللہ ، اسکی اہلیہ امبرین دوبیٹیاں حلیمہ اور آمنہ شامل ہیں، واقعہ مبینہ طور پر خاندانی جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دریں اثنا ضلع نوشہرہ میں تحصیل پبی کے گائو ں ٹیٹارہ میں گھریلو تنازع پر ایک شخص نے ساس، سسر اور بہنوئی کوقتل کردیا۔ بیوی شوہر سے ناراض ہوکر اپنے والدین کے گھر آئی ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر کی بیوی کافی عرصے سے ناراض ہو کر میکے میں بیٹھی ہوئی تھی، بیوی کو منانے کی کوشش کے دوران ملزم کی سسرالیوں سے تکرار ہوئی تھی۔اس تکرار کے دوران ملزم نے فائرنگ کردی جس کے نیتجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مشتاق خان 70 سال، زوجہ مشتاق عمر 60 سال، حیات عمر 53 سال شامل ہیں۔