وزیر ہا ئوسنگ کا نہرو پارک ، کریم پارک کادورہ ، تزئین و آرائش کے کاموں کاجائزہ
لاہور ( خصوصی رپورٹ ) وزیر ہا ئوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے نہرو پارک اور کریم پارک کا دورہ کیا اور دونوں پارکس میں جاری ترقیاتی، بحالی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ پی ایچ اے سماویہ اور دیگر متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو پارکس میں جاری بحالی اقدامات، ترقیاتی کاموں اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر ہا ئوسنگ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ انجینئرنگ ونگ جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرے، منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ پارکس میں شہریوں کے لیے بہتر، محفوظ اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ نہرو پارک اور کریم پارک کی اپ گریڈیشن سے علاقے میں گرین ایریا اور تفریحی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور علاقہ مکینوں کو صحت مند و مثبت سرگرمیوں کے لیے بہتر ماحول میسر آئے گا۔ بلال یاسین نے پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ تمام پارکس میں جاری تعمیراتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔