پشاور میں 10 مئی 2023 احتجاج کیس؛ پی ٹی آئی رہنما سمیت 74 ملزمان بری ہوگئے

پشاور میں 10 مئی 2023 احتجاج کیس؛ پی ٹی آئی رہنما سمیت 74 ملزمان بری ہوگئے

پشاور کی سیشن کورٹ نے 10 مئی 2023 کے احتجاج اور پرتشدد واقعات کے کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے عرفان سلیم سمیت 74 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔

کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج فراز احمد نے کی، جنہوں نے اس حوالے سے تحریری فیصلہ بھی جاری کیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265 کے تحت بری کیا جاتا ہے، کیونکہ انہیں مقدمے میں براہِ راست نامزد نہیں کیا گیا تھا بلکہ بعد میں تفتیش کے دوران شامل کیا گیا۔ فیصلے کے مطابق کسی ملزم کی شناخت پریڈ بھی نہیں کرائی گئی۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ استغاثہ کا کیس صرف زبانی اور غیر ثابت شدہ الزامات پر مبنی ہے، جبکہ کوئی چشم دید گواہ بھی موجود نہیں تھا، اس لیے ٹرائل جاری رکھنا وقت کا ضیاع ہوگا۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ مقتولین کے ورثاء نے بھی مقدمے کی مزید پیروی میں دلچسپی ظاہر نہیں کی، جس کے بعد عدالت نے تمام ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ 10 مئی کے واقعے میں تھانہ فقیر آباد کی حدود میں پرتشدد جھڑپوں اور فائرنگ کے دوران دو افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کا مقدمہ اسی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔