خطرناک انداز میں سڑک عبور کرنے والے 4 افراد حوالات بند ، مقدمات بھی درج کر لئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) رنگ روڈ پولیس نے مین کیریج وے کو غیرقانونی طور پر عبور کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے 164 پیدل کراسنگ خلاف ورزیوں پر چالان جاری کر دیے، جبکہ خطرناک انداز میں سڑک عبور کرنے والے 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں حوالات منتقل کر دیا گیا، ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جان لیوا ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں، رنگ روڈ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک عبور کرنے کے لیے صرف مقررہ پیدل کراسنگ برجز کا استعمال کریں اور مین کیریج وے پر غیرقانونی کراسنگ سے گریز کریں، کمانڈنٹ رنگ روڈ پولیس کے مطابق غیرقانونی پیدل کراسنگ جان لیوا حادثات کا سبب بن رہی ہے اور متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، چیئرپرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور محفوظ سفر کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔