لاہور ہائیکورٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے خلاف مبینہ ہراسگی کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔
یہ کیس 2021 سے زیر التوا ہے اور عدالت میں بار بار ملتوی کرنے کی درخواست کی جا رہی تھی۔سماعت کے دوران مبینہ ہراسگی کا شکار خاتون بھی عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ بابر اعظم کے سینئر وکیل بیرسٹر حارث عظمت کی غیر موجودگی میں ان کے جونیئر وکیل نے کیس ملتوی کرنے کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ بابر اعظم نے 2021 سے حکمِ امتناعی حاصل کر رکھا ہے اور اب تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
خاتون کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ یہ زنا کا کیس ہے اور بابر اعظم نے خاتون سے شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کی۔ وکیل نے مزید کہا کہ بابر اعظم پر خاتون کے 12 لاکھ روپے بھی واجب الادا ہیں۔عدالت نے بابر اعظم کے وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کو 16 دسمبر تک ملتوی کر دیا اور مزید سماعت کے لیے کیس کی فائل جسٹس اسجد جاوید گھرال کو بھیجنے کی سفارش کی ہے۔