غلط اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں، مہنگائی میں کمی کا دعوی کرنیوالے کس جہان میں رہتے ہیں
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو دھمکیاں ملتی ہیں، ڈی چوک پر پرامن مظاہرین پر گولیاں چلائی گئیں
اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے حکومت مہنگائی کو زمین سے 40 ہزار فٹ بلندی پر لے گئی ہے اور غلط معاشی اعداد و شمار پیش کر رہی ہے،مہنگائی میں کمی کا دعوی کرنے والے کس جہاں میں رہتے ہیں؟ قومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہا افراط زر نیچے نہیں آ رہی ہے، مہنگائی میں کمی کا دعوی کرنے والے کس جہاں میں رہتے ہیں؟ چیلنج کرتا ہوں افراد زر کم نہیں بلکہ زیادہ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کسی قسم کے عملی اقدامات نہیں کر رہی ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آ رہی جبکہ حکومت غیر ملکی دوروں کے باوجود سرمایہ کاری لانے میں ناکام ہے، قانون کی حکمرانی نہ ہونے تک معیشت بہتر نہیں ہو سکتی۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو دھمکیاں ملتی ہیں، ڈی چوک پر پرامن مظاہرین پر گولیاں چلائی گئی ہیں اور بانی پی ٹی آئی کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے