بھارت پہلگام واقعہ پر اب تک کسی دہشتگرد کا نام سامنے نہیں لاسکا پاکستان میں شہریوں کو نشانہ بنایا :چینی میڈیا کو انٹرویو
کراچی(آئی این پی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا جواب دیا اور دیتا رہے گا۔ بلاول بھٹو نے چینی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا اور دیتا رہے گا،انہوں نے کہا بھارت نے تربیتی کیمپوں اور دہشتگردوں کے بارے میں جھوٹ بولا ہے، بھارت پہلگام واقعہ پر اب تک کسی دہشتگرد کا نام سامنے نہیں لاسکا‘ عالمی برادری بین الاقوامی اداروں اور قوانین کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کرے، پاک بھارت کشیدگی اب عالمی مسئلہ ہے، جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک میں جنگ کا خطرہ بڑھ چکا ہے جس کا اثر پورے خطے پر پڑیگا۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں مداخلت کرے، بھارت کو کارروائیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جائے، دہشت گردی کے واقعے کی بین الاقوامی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور بین الاقوامی برادری کو خطے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔