موٹر گاڑیوں کے محصولات کی الگ الگ تفصیل بھی ڈیش بورڈ کا حصہ ہو گی ، ٹیکس کے نظام میں مزید بہتری آئیگی
لاہور (خصوصی رپورٹ)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب محصولات کی مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ مرتب کرے گا۔ ڈیش بورڈ پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے تحت اکٹھے کیے جانے والی وفاقی و صوبائی سطح کے محصولات کی تفصیل کے علاوہ پنجاب بھر کی موٹر گاڑیوں کے اعداد و شمار دستیاب ہوں گے۔ موٹر گاڑیوں کی درجہ بندی کے اعتبار سے محصولات کی الگ الگ تفصیل بھی ڈیش بورڈ کا حصہ ہو گی۔ ڈیش بورڈ ٹیکس سسٹم میں متعارف کرائے جانے والی اصلاحات کے نتائج کی بھی نشاہدہی کرے گا۔ پرانی اور نئی رجسٹریشنز سے نئے نظام کی افادیت کی پرکھ کے ممکن ہو گی اور ٹیکس کے نظام میں مزید بہتری کے لیے رہنمائی حاصل کی جا سکے گی۔ یہ ہدایات ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب عمر شیر چٹھہ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مجوزہ ڈیش بورڈ کے جائزے کے دوران دیں۔ڈی جی ایکسائز نے اپنی آ ئی ئی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ ٹوکن ٹیکس اور رجسٹریشن فیس کے بعد پراپرٹی ٹیکس سے متعلق ڈیٹا کو بھی ڈیش بورڈ کا حصہ بنائیں اور محکمہ کے تحت وفاقی اور صوبائی سطح کی وصولیوں کو الگ الگ بھی دکھائیں۔