ویب ڈیسک: سپریم کورٹ میں 9 اور 10 مئی کے دوران اور آئندہ ہفتے کے تمام مقدمات ڈی لسٹ کر دیے گئے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی، جس دوران سینئر وکیل ذوالفقار نقوی نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں تیاری کے لیے مزید وقت دیا جائے، کیونکہ پنجاب حکومت نے انہیں 9 مئی کے مقدمات میں وکیل مقرر کیا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات کل اور پرسوں بھی مقرر ہیں، اور یہ کوئی ایک کیس نہیں، بلکہ 50 کے قریب اپیلیں ہیں۔ وکیل نے درخواست کی کہ رواں ہفتے کے مقدمات ملتوی کیے جائیں اور آئندہ ہفتے کی تیاری کر کے آئیں۔
چیف جسٹس نے اس پر کہا کہ کیس منتقلی کا معاملہ ختم ہو چکا ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ جج کا تبادلہ ہو چکا اور وہ صرف جرمانے اور آبزرویشنز کے حوالے سے اپیل کی پیروی کریں گے۔عدالت نے پنجاب حکومت کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ تمام مقدمات کی سماعت عید کے بعد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے ملزمان کی ضمانتیں منظور کی تھیں اور پنجاب حکومت نے ضمانتیں منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔