اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سیری اتامہ حاجی محمد بن حاجی حسن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں مشرق وسطیٰ، خاص طور پر غزہ میں جاری انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے حقوق اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔گفتگو کے دوران، نائب وزیراعظم نے ملائیشین وزیر خارجہ کو اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا غیر معمولی اجلاس بلانے کے لیے پاکستان کی حمایت سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز اور عالمی سطح پر مشترکہ سفارتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ باہمی تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔