2ہزار بے گھر افراد کے لیے تین پناہ گزین کیمپ قائم کردیے گئے ،علاقے میںسکیورٹی صورت حال کشیدہ
پلاٹو(آئی این پی ) نائیجیریا کی شمالی پلاٹو ریاست میں گن مینوں نے متعدد دیہاتوں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 52 افراد ہلاک ہوگئے اور تقریبا ً2 ہزارافراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق یہ حملے پلاٹو کے بوکوس ضلع میں گذشتہ ہفتے ہوئے، جہاں کے کسانوں اور مویشی پالنے والوں کے درمیان تنازعات کی تاریخ رہی ہے۔حملوں کا مقصد ابھی تک واضح نہیں ہوسکا، لیکن یہ 2023کے دسمبر کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتوں والی واردات ہے جب اسی علاقے میں 100سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ این ای ایم اے کے مطابق، یہ حملے اتنے شدید تھے کہ 52 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، جب کہ 22افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ گن مینوں نے وحشیانہ حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے اور املاک کی وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔اس واقعے کے بعد 1,820سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور تین پناہ گزین کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ سیکورٹی کی صورتحال اب بھی کشیدہ ہے۔ نائیجیریا کے صدر بولا ٹنوبو نے سکیورٹی اداروں کو حملہ آوروں کا پیچھا کرنے کا حکم دیا ہے۔