وزیرداخلہ کی اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں چینی وزیر مملکت داخلہ سے ملاقات، انسداد دہشت گردی تعاون اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ، داخلی سلامتی کے امور پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق
نیویارک(آئی این پی )چین نے ایک بار پھر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہئے۔تفصیل کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں چین کے وزیر مملکت داخلہ و سربراہ اسپشل سروس بیورو لنگ ژیفینگ سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں انسداد دہشت گردی تعاون اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک چین وزرا نے داخلی سلامتی کے امور پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا ، بارڈر مینجمنٹ ، غیر قانونی امیگریشن اور انسداد منشیات کے حوالے سے باہمی معاونت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کو ہر سطح پر روکنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث ممالک کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔چین کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے سپشل پروٹیکشن پولیس فورس قائم کی ہے۔دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان عوامی روابط بہت اہم ہیں۔اس ضمن میں ویزا رجیم میں آسانی ضروری ہے۔چینی وزیر مملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انسداد دہشت گردی کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہئے۔ویزہ اور امیگریشن کے حوالے سے ایشوز کا جائزہ لیا جائے گا۔