پنجاب کے 10شہروں میں 6308افغان خواتین مقیم

 افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والی سب سے زیادہ3398 خواتین گوجرانوالہ میں
لاہور( کرائم رپورٹر)پنجاب میں کس عمر کی کتنی افغان خواتین کہاں رہتی ہیں، اس سلسلے میں تفصیلات سامنے آ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی نے افغان خواتین کی لوکیشنز ، تعداد اور عمروں کا تعین کرکے ریکارڈ مرتب کرلیا ہے، جس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے 10 شہروں میں 6308 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرخواتین مقیم ہیں۔ریکارڈ کے مطابق 1828 خواتین بغیر سٹیزن کارڈ بحیثیت انحصاری افراد پنجاب میں رہائش پذیر ہیں۔ دستاویزات کے بغیر سب سے زیادہ افغان خواتین راولپنڈی میں مقیم ہیں، جہاں غیرقانونی مقیم افغان عورتوں کی تعداد 720 ہے۔اسی طرح افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والی سب سے زیادہ خواتین گوجرانوالہ میں ہیں ، جن کی تعداد 3398 ہے۔ لاہور میں 296 کارڈ ہولڈر 419 غیرقانونی افغان خواتین مقیم ہیں۔ پنجاب میں 18 سے 35 سال کی 2987 خواتین موجود ہیں۔ 18 سال تک کی عمر کی 1915 افغان لڑکیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 35 سے 50 سال کی 921 خواتین کا ریکارڈ بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔ 50 سال سے زائد عمر کی 485 خواتین کی پروفائلنگ بھی مکمل کرلی گئی ہے۔