اے این ایف نے حاجی طارق گروپ کا خاتمہ کردیا

 بین الاقوامی نیٹ ورکس اندرونِ سندھ کے غریب افراد کو ورغلا رہے تھے 
 پختونخوا میں کارروائی کر کے گروہ کے سرغنہ حاجی طارق خان کو گرفتار کر لیاگیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے بین الاقوامی منشیات سمگلروں کے خلاف ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ حاجی طارق خان گروپ کا خاتمہ کر دیا ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق ادارے کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورکس اندرونِ سندھ کے غریب اور مجبور افراد کو ورغلا کر خلیجی ممالک خصوصاً سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور عمان میں منشیات سمگل کرنے میں استعمال کر رہے ہیں۔اے این ایف نے جدید انٹیلی جنس اور تکنیکی ذرائع سے تفتیش کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ گروہ کے کارندے کم تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سہانے مستقبل کے جھوٹے خواب دکھا کر انہیں مجبور کرتے تھے کہ وہ منشیات اپنے جسم میں کیپسولوں کی صورت میں چھپا کر بیرون ملک پہنچائیں۔اس گروہ سے تعلق رکھنے والے چار اسمگلر سعودی عرب میں گرفتار ہوئے، جس کے بعد صرف سات دنوں کے اندر اے این ایف نے تین مزید منشیات برداروں کو پاکستان میں حراست میں لے لیاتحقیقات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اے این ایف نے خیبر پختونخوا میں کارروائی کر کے گروہ کے سرغنہ حاجی طارق خان کو بھی گرفتار کر لیا۔ اب تک اس نیٹ ورک کے 9 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر مفرور افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان اے این ایف نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کا خاتمہ ادارے کا مشن ہے، جسے محدود وسائل کے باوجود پوری جانفشانی سے جاری رکھا جائے گا۔