اگلے 100دن میں تیسری عالمی جنگ کی پیشگوئی

جون میں ہونے والی عالمی امن کانفرنس اختلافات اور بد نظمی کا شکار ہو کر ناکام ہو جائیگی، نجومی
    واشنگٹن (آئی این پی )خود کو نیا نوسٹراڈیمس کہلوانے والے نجومی کریگ ہیملٹن پارکر نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 100دنوں میں دنیا کے چار بڑے خطوں میں ایسے فلیش پوائنٹس جنم لے سکتے ہیں جو عالمی سطح پر شدید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں، حتیٰ کہ تیسری عالمی جنگ کو جنم دے سکتے ہیں۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق کریگ نے یہ انکشاف ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ واپسی کے ابتدائی 100دنوں کے تناظر میں کیا اور بتایا کہ کائنات سے اس کے روحانی کنکشن نے اسے چند اہم مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں تباہ کن واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ کریگ نے سب سے خطرناک امکان تائیوان کے حوالے سے ظاہر کیا، جسے چین اپنا حصہ سمجھتا ہے اور اس کے آس پاس مسلسل فوجی مشقیں کرتا ہے۔کریگ نے پیشگوئی کی کہ چین تائیوان پر بڑا قدم اٹھانے جا رہا ہے، ٹرمپ تائیوان کی مدد کو آئے گا لیکن اس کی بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی۔ کریگ ہیملٹن پارکر نے خبردار کیا کہ بھارت کی فوج نیپال اور پاکستان میں داخل ہو سکتی ہے، اور ٹرمپ اس موقع کو استعمال کرتے ہوئے بھارت سے نئے عسکری اور اقتصادی معاہدے کرے گا تاکہ بھارت کو روس سے مزید دور کیا جا سکے۔ ٹرمپ روس سے ایسا معاہدہ کر سکتا ہے جس کے تحت یوکرین کریمیا پر اپنا دعویٰ واپس لے لے گا، کریمیا کو باضابطہ طور پر روس کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس نے خبردار کیا کہ اس کے باوجود یوکرین میں اگست کے آس پاس دوبارہ تشدد بھڑک سکتا ہے۔ امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایک معاہدہ ہوگا جس کے تحت غزہ کو اسرائیل میں ضم کر لیا جائے گا۔یہ اقدام خطے میں مزید غصہ اور بغاوت کو جنم دے گا۔ کریگ ہیملٹن پارکر نے مزید کہا کہ عالمی امن کے لیے کی جانے والی کوششیں بھی ناکامی سے دوچار ہوں گی۔ جون میں ہونے والی عالمی امن کانفرنس اختلافات اور بد نظمی کا شکار ہو کر ناکام ہو جائے گی۔