وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی دفاعی تنصیبات اور اداروں کو نشانہ بنانے کے بعد کسی رعایت یا ایڈجسٹمنٹ کی امید رکھنا حقیقت سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کسی بھی سیاسی جماعت نے اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملکی دفاعی تنصیبات پر حملے نہیں کیے، لیکن پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد شہداء کی یادگاروں اور دفاعی اداروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کی تضحیک آج بھی جاری ہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ نہ صرف ملک کو دیوالیہ کرنے کی پوری کوشش کی گئی بلکہ ریاستی اداروں پر حملے کے باوجود کچھ عناصر ایڈجسٹمنٹ کی امید لگائے بیٹھے ہیں، جو کہ ممکن نہیں۔