دوست ممالک پاکستان کی5ارب ڈالر سے زائد مالی معاونت کریں گے

پاکستان کے زرِمبادلہ ذخائر مستحکم رکھنے کا پلان تیار، جون تک 4.8 ارب ڈالر ادائیگیوں کا بندوبست
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے آئندہ ماہ جون تک واجب الادا بیرونی ادائیگیوں کو پورا کرنے کے لیے جامع مالی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 4.8 ارب ڈالر کی ادائیگیوں کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے نہ صرف ان ادائیگیوں کے لیے وسائل کا انتظام کر لیا ہے بلکہ دوست ممالک سے بھی 5 ارب ڈالر سے زائد مالی معاونت کی یقین دہانی حاصل کر لی ہے، جو زرِمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی متبادل ذرائع سے بندوبست ہونے کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر یو اے ای کو 3.5 ارب ڈالر تین مختلف مالیاتی سہولیات کے تحت ادا کیے جائیں گے۔اسی دوران پاکستان کا 10 سالہ یورو بانڈ بھی میچور ہو چکا ہے، جس کی ادائیگی اسی ہفتے متوقع ہے۔ حکام کے مطابق اس یورو بانڈ کا حجم 1.3 ارب ڈالر ہے اور اس کی بروقت ادائیگی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے