بھارت میں آلودہ دریا کی صفائی کے لیے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے معروف انفلوئنسر بٹو تباہی جلد کے مسائل کا شکار ہوگئے۔
مسلسل آلودہ پانی اور کچرے سے رابطے کے بعد ان کے ہاتھوں اور ٹانگوں کی جلد متاثر ہونے لگی، جس کی ویڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں دریائے اجنار کی صفائی میں مصروف بٹو تباہی، جن کا اصل نام سریندر سنگھ چوہدری ہے، نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو جاری کی، جس میں ان کی جلد کی خراب حالت دیکھی جاسکتی ہے۔ویڈیو میں ان کے ہاتھوں اور ٹانگوں کی جلد اترتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دریا میں موجود آلودہ پانی اور کچرے کے ساتھ مسلسل رابطے کے باعث انہیں جلد سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بٹو تباہی گزشتہ کچھ عرصے سے دریائے اجنار کی صفائی کے لیے سرگرم ہیں اور دریا سے کچرا نکالنے سمیت صفائی کے مختلف کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔
وہ اس سے قبل ربڑ کے دستانے اور جوتے سمیت بنیادی حفاظتی سامان استعمال کرتے رہے ہیں، تاہم حالیہ ویڈیو میں ان کی جلد کی متاثرہ حالت نے صفائی کے دوران درکار حفاظتی اقدامات پر توجہ مبذول کرادی ہے۔ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے ان کی ماحولیاتی سرگرمیوں اور صفائی کی کوششوں کو سراہا، جبکہ متعدد افراد نے انہیں فوری طور پر ڈاکٹر سے معائنہ کرانے کا مشورہ دیا۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ آلودہ پانی اور مضر فضلے سے براہِ راست رابطہ صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے، اس لیے دریا کی صفائی کے دوران مناسب حفاظتی لباس، دستانے، جوتے اور دیگر ضروری سامان کا استعمال ناگزیر ہے۔