پشاور، گیس سلنڈر دھماکے میں زخمی 3بچے زندگی کی بازی ہار گئے

پشاور(خصوصی رپورٹ )پشاور کے علاقے پجگی روڈ پر واقع ایک مکان میں گیس سلنڈر کے خوفناک دھماکے سے گھر کی چھتزمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے 5 افراد میں سے 3 بچے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گئے۔تفصیل کے مطابق پجگی روڈ کے قریب ایک گھر میں گزشتہ شب مبینہ گیس لیکج کے باعث سلنڈر دھماکا ہوا، جس کی شدت سے مکان کی چھت گر گئی۔حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون اور 4 بچے ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی اور تمام زخمیوں کو ملبے سے نکال کر تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق 2 بچوں کی حالت ابتدائی طور پر ہی نازک بتائی جا رہی تھی۔ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق اسپتال میں زیرِ علاج زخمی بچوں میں سے 3 بچے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک بچی اور خاتون فی الوقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور دردناک ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے دھماکے میں زخمی ہونے والی خاتون اور بچی کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمنائو ں کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کو اسپتال میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔