دورانِ سروس جاں بحق5ریسکیورز کے اہل خانہ کی معاونت

 ایک کروڑ پچانوے لاکھ روپے دیے گئے، اہل خانہ کو ملازمت کے آرڈر جاری
 لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں دورانِ سروس جاں بحق ہونے والے ریسکیورز کے اہلِ خانہ سے خصوصی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق جاں بحق ہونے والے پانچ ریسکیورز کے خاندانوں کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 95 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی، جبکہ اہلِ خانہ کو او ایس ڈی سیٹ پر بھرتی کے آرڈرز بھی دیے گئے۔ جاں بحق ریسکیورز میں سے دو ٹریفک حادثات، جبکہ تین مختلف وجوہات کے باعث جان کی بازی ہار گئے تھے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ جاں بحق ریسکیورز کے اہلِ خانہ کی دیکھ بھال پنجاب ایمرجنسی سروس کی ذمہ داری ہے اور ریسکیو فیملی اپنے لوگوں اور ان کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت اور نگہداشت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔