میرا پیارا پروگرام ، بنگلہ دیشی خاتون کا خاندان مل گیا

حلیمہ 2013ء میں اسلام آباد میں لاوارث ملی تھیں، سیف سٹیز ٹیم نے اہل خانہ ڈھونڈ لیے
 لاہور: (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے میرا پیارا پروگرام نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے 13 سال سے پاکستان میں اپنے اہلِ خانہ سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون حلیمہ کے خاندان کو تلاش کر لیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق حلیمہ 2013ء میں اسلام آباد میں لاوارث حالت میں ملی تھیں اور اردو زبان سے ناواقف ہونے کے باعث اپنی شناخت اور اہلِ خانہ کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرنے سے قاصر تھیں۔ انہیں عارضی پناہ کے لیے ایدھی سینٹر منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ کئی سال سے مقیم تھیں۔ سیف سٹی میرا پیارا ٹیم نے حلیمہ کی فراہم کردہ محدود معلومات، آبائی گا ئوں اور اہلِ خانہ کے ناموں کی مدد سے تلاش کا عمل شروع کیا اور سوشل میڈیا اور مقامی انتظامیہ سے رابطے کے ذریعے بنگلہ دیش میں ان کے بیٹے اور بھتیجے کو تلاش کر لیا۔ ٹیم نے مقامی حکام اور اہلِ خانہ سے رابطہ کرکے معلومات کی تصدیق بھی کی۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق اس سے قبل بھی میرا پیارا ٹیم 40 سال سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون کوہ نور کے اہلِ خانہ کو تلاش کر چکی ہے۔ شہری گمشدہ یا لاوارث افراد کی اطلاع دینے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 3 دبائیں۔