تبلیغی اجتماع : موٹروے پولیس کی خصوصی ٹریفک ہدایات

 لاہور (کرائم رپورٹر) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے سفر کرنے والے شرکاء کی جان و مال کے تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے پولیس نے شرکاء سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ سفر ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں اور اپنی گاڑیوں کو ہر لحاظ سے سفر کے قابل رکھیں۔ نماز، قیام اور طعام کے لیے مقررہ مقامات استعمال کیے جائیں، جبکہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر غیر ضروری طور پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور دیگر مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہدایات کے مطابق مکینیکل طور پر خراب گاڑیوں کو موٹرویز پر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح جن گاڑیوں کی اگلی یا پچھلی لائٹس خراب ہوں گی، انہیں بھی موٹرویز پر سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانا سختی سے ممنوع ہے، جبکہ خطرناک انداز میں مسافروں یا سامان کو لادنے والی گاڑیوں کو بھی موٹرویز پر داخلے سے روک دیا جائے گا۔ موٹروے پولیس نے مزید واضح کیا ہے کہ گیس سلنڈر، آتش گیر مواد اور مٹی کے تیل والے چولہے لے جانے والی گاڑیوں کو موٹرویز پر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شرکاء اپنی گاڑیوں کی فنی حالت، لائٹس، ٹائروں اور دیگر ضروری حفاظتی انتظامات کا سفر شروع کرنے سے قبل لازمی جائزہ لیں۔ ترجمان سنٹرل ریجن نے کہا ہے کہ روڈ یوزرز کی جان و مال کا تحفظ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ تبلیغی اجتماع کے شرکاء  سے اپیل ہے کہ وہ ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا مظاہرہ کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور موٹروے پولیس کے افسران کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال، رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔