3بھکاری پولیس اہلکار گرفتار

 فیاض، فرحان اور احمدنے برکت مارکیٹ میں شہری کو روک کر رقم طلب کی، مقدمہ درج 
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں دورانِ ڈیوٹی شہری سے کھانے کے پیسے مانگنے والے تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں فیاض، فرحان اور احمد مصطفیٰ شامل ہیں، جنہوں نے برکت مارکیٹ کے علاقے میں ایک شہری کو روک کر کھانے کے لیے پیسوں کا مطالبہ کیا تھا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تینوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی عزت اور پولیس فورس کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بدعنوانی میں ملوث اہلکار بھی قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔ وردی کو ذاتی مفاد کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا اور کرپشن و بدعنوانی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔