وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب کسان بینک لمیٹڈ کے انتظامی اور مالیاتی معاملات میں اہم تبدیلی کردی گئی ہے۔
حکومتی فیصلے کے تحت پنجاب کسان بینک لمیٹڈ کا کنٹرول محکمہ خزانہ پنجاب کے سپرد کر دیا گیا ہے، جبکہ بینک کا نام تبدیل کرکے پنجاب کسان بینک کوآپریٹو بینک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب کسان بینک کے انتظامی معاملات محکمہ خزانہ کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ فیصلے کے بعد بینک کے تمام انتظامی امور، نگرانی اور متعلقہ معاملات کی ذمہ داری اب محکمہ خزانہ پنجاب کے پاس ہوگی۔حکومتی فیصلے کے مطابق بینک کے موجودہ نام پنجاب کسان بینک لمیٹڈ کو تبدیل کرکے پنجاب کسان بینک کوآپریٹو بینک رکھا جائے گا۔ اس تبدیلی کا مقصد بینک کے انتظامی ڈھانچے کو نئے حکومتی فیصلے کے مطابق مرتب کرنا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس (آئی اینڈ سی) کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں رولز آف بزنس میں ضروری ترامیم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بینک کے انتظامی معاملات باضابطہ طور پر محکمہ خزانہ کے دائرہ اختیار میں منتقل کیے جا سکیں۔حکومتی فیصلے کے بعد پنجاب کسان بینک کے انتظامی ڈھانچے اور متعلقہ محکموں کی ذمہ داریوں میں تبدیلی آئے گی۔ رولز آف بزنس میں ترمیم کا عمل مکمل ہونے کے بعد بینک کے معاملات نئے انتظامی طریقہ کار کے تحت چلائے جائیں گے۔