لاہور: میٹرو بس اور اورنج لائن اسٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور: میٹرو بس اور اورنج لائن اسٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور میں میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین کے مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

 ڈی آئی جی آپریشنز کی واضح ہدایات پر تمام بس اسٹیشنز اور اورنج لائن اسٹیشنز پر فول پروف سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کے لیے ایس پی ڈولفن کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے اورنج لائن اور میٹرو بس سروس استعمال کرنے والے شہریوں کی عزت نفس اور سلامتی کو پولیس کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام اسٹیشنز پر مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔اس سلسلے میں ایس پی ڈولفن بلال احمد نے لاہور کے مختلف میٹرو بس اور اورنج لائن اسٹیشنز کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے شاہدرہ، بھاٹی گیٹ، ایم اے او کالج، قذافی اسٹیڈیم سمیت دیگر اسٹیشنز کا دورہ کرکے سیکیورٹی آڈٹ کیا اور متعلقہ عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ایس پی ڈولفن نے مختلف اسٹیشنز پر تعینات پولیس اہلکاروں اور عملے سے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں اور انہیں مسافروں کی حفاظت، مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی اور سیکیورٹی ڈیوٹی مؤثر انداز میں انجام دینے کی ہدایت کی۔

ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق سیکیورٹی آڈٹ کا بنیادی مقصد پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والی خواتین، بچوں اور دیگر مسافروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیشنز کے اندر اور اطراف میں مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا تھا کہ میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں سفر کرنے والے شہریوں کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات برقرار رکھے جائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔