پولیو مہم ، تین روز میں ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

 پولیو لاعلاج مرض ، بروقت ویکسینیشن سے بچوں کو خطرناک بیماری سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے
والدین سے اپیل کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں ، قطرے لازمی پلوائیں:نیشنل ای او سی 
اسلام آباد(آئی این پی )ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے پہلے تین روز کے دوران ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلا دئیے گئے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کا چوتھا روز جاری ہے، جبکہ مہم 8 نومبر تک جاری رہے گی، اس مہم کے دوران ملک بھر میں تقریبا 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔نیشنل ای او سی کے مطابق مہم میں 2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔صوبائی اور علاقائی تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں 75 لاکھ 52 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جبکہ سندھ کے 20 اضلاع میں تقریبا 56 لاکھ 59 ہزار بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔اسی طرح خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع میں تقریبا 40 لاکھ 2 ہزار، بلوچستان کے 31 اضلاع میں 16 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلائے گئے ہیں۔اسلام آباد میں 4 لاکھ 18 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان کے 3 اضلاع میں ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے 2 اضلاع میں ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی جا چکی ہے۔نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو اس خطرناک بیماری سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچا ئوکے قطرے لازمی پلوائیں۔پولیو ٹیموں سے متعلق معلومات یا شکایات کے لیے قومی ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ واٹس ایپ نمبر 03467776546 پر بھی پیغام بھیجا جا سکتا ہے