الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے‘پنجاب میں بلدیاتی الیکشن مرحلہ وار کرائے جائیں گے:چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلا س میں فیصلے
اسلام آباد (آئی این پی )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے باعث بلدیاتی انتخابات موخر کر دیئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق گورنر رول اور ایمرجنسی والے اضلاع کے علاوہ بلدیاتی الیکشن کیلئے اقدامات شروع کئے گئے تھے، وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو آرڈر نمبر 3 جاری کیا گیا۔بیان میں بتایا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی حکومت کے آرڈر نمبر 3 کا جائزہ لیا گیا، آرڈر کی شق نمبر 2 کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-A کو معطل کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق آرٹیکل 140-A کی معطلی کا اطلاق دیگر تمام اضلاع پر بھی کر دیا گیا، آرٹیکل 140-A صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے‘دریں اثناء لیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا حکم دے دیا ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں پولنگ کے لیے آئندہ برس 7 فروری کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے رواں برس اپریل میں فیصلہ کیا تھا صوبے میں ستمبر میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں گے۔ جولائی میں حکومت پنجاب نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔بعدازاں اکتوبر میں الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کیا جس کے مطابق انتخابات کے لیے پولنگ 14 دسمبر کو کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔ تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی