اسلام آباد(آن لائن)متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان باہمی مشاورت، اتحاد و یکجہتی اور مستقبل کے مشترکہ سیاسی لائحہ عمل پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن کے دوٹوک اور واضح مؤقف کو سراہتے ہوئے ان کے خلاف حکومتی انتقام، کردار کشی کی مہم، ان کی رہائش گاہ کے تقدس اور گھر کے پردے کو متاثر کرنے کی کوششوں اور املاک کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔شرکا نے قرار دیا کہ سیاسی اختلافِ رائے کا جواب کردار کشی، دباؤ اور کسی کی نجی زندگی اور گھر کے تقدس کو متاثر کرنے کی کوششوں سے دینا قابلِ مذمت ہے۔ اجلاس کے شرکا نے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ اس معاملے میں متحدہ اپوزیشن ان کے ساتھ کھڑی ہے۔اجلاس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی مسلسل قید، جیل میں ان کے حالات، علاج معالجے اور بنیادی طبی سہولیات کی عدم فراہمی، ان کی جان و صحت سے متعلق خدشات اور جان کو لاحق سنگین خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔