وفاقی وزیر خزانہ کا لندن کا دورہ: شیڈول جاری

وفاقی وزیر خزانہ کا لندن کا دورہ: شیڈول جاری

وزیر خزانہ کا برطانیہ کا دورہ: سرمایہ کاری فورمز، حکومتی اداروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ ملاقاتیں

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب برطانیہ کے تین روزہ دورے کے دوران سرمایہ کاری کے مختلف فورمز اور سیمنارز سے خطاب کریں گے۔ وزیر خزانہ اس دورے میں برطانوی حکام، مالیاتی اداروں، کاروباری فرموں، اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے تاکہ ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کیا جا سکے۔دورے کے دوران وزیر خزانہ جیفریز کے زیر اہتمام "پاکستان تک رسائی کے دن" کے عنوان سے ہونے والے سرمایہ کاری گول میز مذاکرے میں شریک ہوں گے، جس میں پاکستان میں اے آئی، کان کنی، ہیلتھ کیئر اور دیگر شعبوں میں حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر خزانہ کے ساتھ وزیر اعظم کے مشیر برائے سرمایہ کاری محمد علی بھی شریک ہوں گے۔ وزیر خزانہ برطانیہ کے ہِز میجسٹی ٹریژری ڈیپارٹمنٹ اور فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کا بھی دورہ کریں گے۔

مزید برآں، وزیر خزانہ برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ ہمیش نکلس فالکنر، اعلیٰ حکام اور مختلف بنکوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں ڈوئچے بنک، سٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک اور بنک آف انگلینڈ کے نمائندگان شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ وزیر خزانہ پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام مقامی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے ساتھ عشائیے میں بھی شریک ہوں گے اور برطانوی میڈیا سے سوال و جواب کی نشستوں میں بھی شرکت کریں گے۔