ریلوے ،مائیکروویو سسٹم مکمل بند

اربوں کاٹیلی کمیونیکشن نظام خراب ہونے سے ٹرین آپریشن بری طرح متاثر 
عدم توجہ کے باعث مائیکروویو اور الٹراہائی فریکوینسی سسٹم کے تار بھی چوری 
لاہور(کرائم رپورٹر )ریلوے انتظامیہ کی عدم توجہ سے مائیکروویو سسٹم مکمل طور پر بند ہوگیا، مائیکروویو اور الٹراہائی فریکوینسی ریڈیو سسٹم غیر فعال ہوگیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق سسٹم بند ہونے سے ریلوے کا ٹرین آپریشن بری طرح متاثر ہے،سسٹم بند ہونے سے افسر آپس میں رابطہ اور ٹرینوں کی صورتحال بھی نہیں جان سکتے، ریلوے نے 1978 میں مائیکروویو ریڈیو اور الٹرا ہائی فریکوینسی سسٹم لیا تھا ،1980 میں اس کی انسٹالیشن شروع ہوئی مگر اس کے بعد اب تک اپ گریڈیشن نہ ہوسکی، ذرائع کا کہنا ہے کہ عدم توجہ کے باعث مائیکروویو سسٹم ملک بھر میں مکمل طور پر بند ہوگیا، مائیکروویو سسٹم بالکل فری تھا جس پر پورے  پاکستان میں رابطہ ہوجاتا تھا،سسٹم کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریلوے افسران آپس میں بغیر کسی رکاوٹ کے رابطہ کرلیتے تھے،ہر 40 کلو میٹر کے فاصلے پر مائیکروویو کا ٹاور اور ہر سٹیشن پر یو ایچ ایف ریڈیو سسٹم انسٹال ہے،ریلوے انتظامیہ مفت سسٹم کو نظر انداز کرکے مہنگا موبائل سسٹم استعمال کررہی ہے،ریلوے جدید ڈیجیٹل ریڈیو سسٹم کو لانے کی بجائے دیگر ذرائع کی طرف جارہی ہے، ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے نے چیف انجینئر ٹیلی کام کی سیٹ ختم کرکے شعبہ سگنل کے افسران کے حوالے کردی ، سگنل انجینئر ٹیلی کام کا تجربہ بھی نہیں رکھتے،عدم توجہ کے باعث مائیکروویو اور الٹراہائی فریکوینسی سسٹم کیتاربھی چوری ہوچکے ہیں۔