ممبئی (شوبز ڈیسک) تیلگو سپر اسٹار نندا موری تراکا راما رائو جونیئر المعروف جونیئر این ٹی آر نے جھانوی کپور کے ساتھ انکی چٹامالے گانے کی جعلی ویڈیو بنانے پر سخت قانونی کارروائی کا اعلان کیا اور کہا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔گزشتہ چند روز سے اس گانے کی ایک اے آئی سے تیار کردہ اور تبدیل شدہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر زیر گردش ہے۔ یہ گانا فلم دیورا: پارٹ 1 کا ہے، جس میں جونیئر این ٹی آر اور جھانوی کپور نے اداکاری کی ہے۔ اب جونیئر این ٹی آر نے اس جعلی ویڈیو پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ اور اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ گھناونے، بیمار ذہنیت اور بے شرمی کی بھی انتہا ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں خواتین کو ماں اور بہن سمجھا جاتا ہے، لیکن کچھ لوگ اتنی پست سطح پر آ گئے ہیں کہ وہ اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ایک عورت کی انتہائی توہین آمیز انداز میں تضحیک کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی سے اس قدر گھٹیا چیز تخلیق کرنا شرمناک ہے۔انھوں نے کہا کہ اس جعلی ویڈیو کے پیچھے موجود لوگوں سے کہتا ہوں کہ تم میں سے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ میں اسے بنانے اور اسے پھیلانے والوں کے خلاف ہر سخت قانونی کارروائی کروں گا۔