ساڑھے 9 فٹ پتلے گھر کی قیمت دنگ کر دے گی

نیویارک (نیٹ نیوز)کیا آپ محض ساڑھے 9 فٹ چوڑے اس گھر کو خریدنا پسند کریں گے؟ اگر ہاں تو امریکی شہر نیویارک کے سب سے پتلے گھر کو خریدنے کے لیے آپ کو کروڑوں روپوں کی ضرورت ہوگی۔نیویارک کی بیڈ فورڈ اسٹریٹ میں واقع یہ گھر 152 سال پرانا ہے اور یہاں ماضی میں متعدد پرانے ہالی وڈ اسٹار آچکے ہیں۔مایلے ہاؤس نامی اس گھر کو 41 لاکھ 90 ہزار ڈالرز (ایک ارب 18 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔اس گھر کو فروخت کے لیے پیش کرنے والی کمپنی کے مطابق باہر سے بظاہر یہ بہت تنگ محسوس ہوتا ہے مگر اندر سے ایسا نہیں بلکہ یہ بہت روشن اور کھلا محسوس ہوتا ہے۔اس کا طرز تعمیر ڈچ انداز کا ہے اور یہ 3 منزلوں پر پھیلا ہوا ہے جبکہ پیچھے کی جانب سے ایک چھوٹا سا باغ بھی ہے۔اس کے اندر 3 سونے کے کمرے اور 2 باتھ رومز ہیں۔گھر میں 4 آتش دان، فرش سے چھت تک فرنچ دروازے، متعدد کھڑکیاں اور دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔متعدد سیاح اس گھر کے باہر تصاویر کھینچنے کے لیے آتے ہیں۔2023 میں ایک ڈاکٹر نے اسے 34 لاکھ ڈالرز میں خریدا تھا اور ان کی بیٹی وہاں اپنا زیادہ وقت گزارتی تھی۔