نئے تعلیمی سال سے نصاب نافذ ،مقصددورِ حاضر سے ہم آہنگ کرنا:سی ای او پیکٹا
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب کے تعلیمی نظام میں بڑی اصلاحات کا فیصلہ ،پہلی سے پانچویں جماعت تک کے نصاب کو مختصر، سادہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی منظوری دیدی گئی۔ نصاب میں ڈیجٹیل اخلاقیات اور ماحولیات بارے مواد شامل کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم کے مطابق نئے تعلیمی سال سے نیا نصاب نافذ کیا جائے گا، جس میں غیر ضروری مواد کم کر کے طلبہ پر تعلیمی بوجھ میں نمایاں کمی لائی جائیگی۔ سٹوڈنٹ لرننگ آئوٹ کمز (SLOs)کو بھی کم کیاجائیگا تاکہ سیکھنے کے عمل کو آسان اور مئوثر بنایا جا سکے۔نصاب ایڈوائزری بورڈ نے ان تبدیلیوں کی منظوری دیدی ، نئے نصاب کی تیاری پر کام کا آغاز کر دیا گیا۔ سی ای او پیکٹا کا کہنا ہے کہ نئے نصاب کا مقصد بچوں کو متوازن، معیاری اور دورِ حاضر سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنا ہے۔تعلیمی ماہرین کے مطابق ان اصلاحات سے نا صرف طلبہ پر بوجھ کم ہوگا بلکہ سیکھنے کا عمل بھی زیادہ مئوثر اور دلچسپ بنایا جا سکے گا جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ نصاب کو عالمی تعلیمی رجحانات کے مطابق مسلسل اپڈیٹ کیا جائے گا۔