باپ بیٹے کے تشدد سے لڑکا ہلاک

 سگیاں میں 15 سالہ نوجوان کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، مقدمہ درج ،تحقیقات کا آغاز 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے سگیاں میں 15 سالہ نوجوان کے مبینہ قتل کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ملزمان نے تشدد کر کے لڑکے کی جان لے لی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ایف آئی آر کے مطابق چند روز قبل مقتول فائق احمد اور ملزم کے بیٹے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ بعد ازاں ملزم کے والد نے صلح کا کہا، مگر مبینہ طور پر وہ لڑکے کو گھر سے اغوا کر کے لے گیا۔مدعی کے مطابق جب بیٹا گھر واپس نہ آیا تو ملزم سے پوچھ گچھ کی گئی، لیکن وہ ٹالتا رہا۔ بعد میں ملزم نے اطلاع دی کہ لڑکا میو ہسپتال میں زیر علاج ہے۔جب اہل خانہ ہسپتال پہنچے تو دیکھا کہ بچے کے جسم پر تشدد کے شدید نشانات تھے۔ فائق احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس نے ملزم باپ اور بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔